صدرپیپلزپارٹی کراچی ڈویژن سعیدغنی نے راشد ربانی اور اعجاز درانی کے ہمراہ کراچی کی صورتحال کی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج افسوسناک واقعہ ہوا جو نہیں ہونا چاہیے تھا، ہم نے3دن تک کوشش کی کہ پی ٹی آئی انتظامیہ کی بات مان لے لیکن پی ٹی آئی والے ایجنڈے کے تحت بیٹھے تھے۔سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی کراچی کی دوسری ایم کیوایم بننا چاہتی ہے اس کا طرز عمل متحدہ جیساہی ہے، ہم نے ایم کیو ایم کے عروج کے دور میں دادا گیری برداشت نہیں کی،ہم کسی اور جماعت کی بدمعاشی برداشت نہیں کریں گے۔پی ٹی آئی ایم کیو ایم کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے ، ہنگامہ آرائی کرنے والوں میں تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے لوگ شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ میں یقین سے نہیں کہہ سکتا ہم 12 کو جلسہ کہاں کریں گے لیکن بطور صدر کراچی ڈویژن میری خواہش ہےکہ ہم 12 تاریخ کو جلسہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ہنگامہ آرائی کے دوران کیمپ پرحملےمیں پیپلز پارٹی کے 21 کارکنان زخمی ہوئے ہیں، ایک کارکن کے پیر میں گولی بھی لگی ہے جبکہ کارکنوں اور رہنماؤں کی کئی گاڑیاں بھی جلا دی گئی ہیں۔سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکن پی ٹی آئی کے کیمپ میں لگی آگ کو بجھارہے تھے یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ جو آگ لگائے وہی اس کو بجھائے۔