جرم ایک نفسیاتی کیفیت ہے اور جب یہ کیفیت شدت اختیار کرلیتی ہے تو انسان بلا سوچے سمجھے جرائم کا ارتکاب کرتا رہتا ہے اور حیرت کی بات یہ ہے کہ جرم کرتے وقت ان میں سے بہت سے مجرموں کو اندازہ نہیں ہوتا کہ انہوں نے کیسی قانون شکنی کی ہے۔ ایسی ہی کچھ کیفیت یہاں رہنے والی 19سالہ لڑکی زینا رینڈل کی ہے۔ جس نے 50سے زیادہ جرائم کئے جن میں سے 13میں اسے سزا بھی سنائی جاچکی ہے۔ اب مقامی عدالت کے جج نے کمرہ عدالت میں اسکی بدتمیزی کی سزا دیتے ہوئے اسے حوالات میں بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اس کے خلاف عدالت میں 70سالہ خاتون ماریون ریان پر حملہ کرنے اور اذیت پہنچانے کے مقدمے کی سماعت ہورہی تھی اور وہ اتنی اکڑ میں تھی کہ اس نے کمرہ عدالت میں جج کی طرف پیٹھ کرکے کھڑے رہنے میں بھی کوئی عار محسوس نہیں کیا اور یہی چیز جج کو بری لگ گئی۔جج انتھونی پوٹر نے سزا سنانے سے قبل اسے کئی بار سرزنش بھی کی اور کہا کہ وہ اپنا رویہ درست کرے مگر جب اس پر کوئی اثر نہ ہوا تو غصے میں آکر اس نے لڑکی کو (بدمعاش) قرار دیا اور عدالتی تحویل میں لینے کا حکم جاری کردیا۔