لاہور:پی ٹی آئی رہنما میاں محمودالرشید نے کہا پوری قوم نواز شریف کا ماضی جانتی ہے، معاہدے کرکے مکرنا، جھوٹ بولنا سب کچھ قوم کو یاد ہے،انہوںنے کہاکہ نواز شریف جدہ نہیں جاسکتے اس کے علاوہ وہ جیل بھی جائیں گے اور معافی بھی مانگیں گے۔میاں محمودالرشید نے کہا کہ نواز شریف کا چیئرمین نیب سے استعفیٰ کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے، اخلاقیات کا درس دینے سے پہلے میاں صاحب بتائیں آپ پر کرپشن منی لانڈرنگ جیسے سنگین الزامات ہیں، عدالتوں میں کیس زیر سماعت اور فیصلے کے قریب ہے، آپ نے قوم اور اخلاقی طور پر عہدہ چھوڑ کر خود کو تحقیقات کیلئے پیش کیا؟۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی پریس کانفرنس کا مقصد صرف نیب کو بھارت بجھوائی رقم کی تحقیقات سے روکنا ہے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا کیونکہ ملک میں مک مکا والی نہیں اصل اپوزیشن تحریک انصاف موجود ہے۔