کوئٹہ: بلوچستان کے نئے مالی سال کا بجٹ آج شام پیش کیا جائے گا۔ بجٹ کا کل حجم 353 ارب سے زائد ہے۔ ذرائع کے مطابق مجموعی آمدنی کا تخمینہ 290 ارب 29 کروڑ اور دیگر ذرائع سے آمدنی کا تخمینہ 22 ارب سے زائد ہے۔ بجٹ میں خسارے کا تخمینہ 60 ارب روپے سے زائد ہونے کا امکان ہے تاہم آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا جارہا ہے۔ ریٹائرڈ ملازمین کے پینشن میں وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق اضافہ کیا جائے گا جبکہ 3 ہزارآسامیاں مختص کئے جانے کا بھی امکان ہے۔ بجٹ میں امن وامان کی مد میں اخراجات کا تخمینہ 38 ارب 9 کروڑ روپے ہے، غیرملکی ترقیاتی امداد کی مد میں 9 ارب 23 کروڑروپے ملنے کا امکان ہے۔ تعلیم کے شعبے کے لئے 56 ارب 54 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔سماجی تحفظ کے شعبے کے اخراجات کا تخمینہ 3 ارب 97 کروڑ روپے ہے جبکہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت قابل تقسیم محاصل کا اندازہ 243 ارب 17 کروڑروپے سے زیادہ ہے۔