اختیارات کا ناجائز استعمال: نیب نے نواز شریف کو 20 مئی کو طلب کرلیا

نیب لاہور نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو اپنی رہائش گاہ جاتی امرا تک سڑک کی غیر قانونی تعمیر اور خرد برد کے الزام میں 20 مئی کو طلب کرلیا ہے۔ نیب کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو اس سے قبل بھی 2 بار طلب کیا جاچکا ہے تاہم نوازشریف گزشتہ طلبی پر لندن میں اپنی اہلیہ کی عیادت میں مصروف ہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے تھے۔نیب کے مطابق نواز شریف پر اپنے بھائی شہباز شریف کے ساتھ مل کرذاتی فائدے کے لیے سڑک بنانےکا الزام ہے، نوازشریف نے مبینہ طور پر 1998 میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اسکول اور ڈسپنسری کا بجٹ استعمال کرکے اپنی رہائش گاہ جاتی امرا تک سڑک تعمیر کرائی اور ان کے حکم پرسڑک کی چوڑائی 20 فٹ سے بڑھا کر 24 فٹ کی گئی جس سےلاگت بڑھ گئی، نوازشریف کے حکم سے ضلع کونسل کے بہت سےعوامی منصوبے بند کرنے پڑے، جس سےعوام کا نقصان ہوا جب کہ 17 اپریل 2000 میں کی گئی تفتیش میں انکشاف ہوا تھا کہ منصوبے میں 12 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد رقم کی کرپشن بھی کی گئی۔نیب کے مطابق 2016 تک کرپشن انکوائری التوا کا شکار رہی تاہم 2016 کے بعد دوبارہ انکوائری پر کام شروع کیا گیا، چیئرمین نیب نے معاملے کی براہ راست تحقیقات کا حکم دیا، نیب ٹیم نے رائیونڈ روڈ کرپشن سے متعلق ریکارڈ بھی حاصل کرنا شروع کردیا ہے جب کہ ضلع کونسل کے افسران، ایل ڈی اےافسران اور ٹھیکیدار کو بھی طلب کیا جائے گا اور تفتیش مکمل کرکے کرپشن ریفرنس احتساب عدالت لاہور میں دائر کیا جائے گا۔