انڈونیشیا کے شہر سورابایا میں گرجا گھروں پر تین خودکش دھماکوں کے بعد آج حملہ آوروں نے شہر کے پولیس ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا، خودکش حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک، 10 افراد زخمی ہوگئے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 خودکش بمباروں نے پولیس ہیڈ کوارٹرز کے سامنے خود کو دھماکے سے اڑایا، حملہ آوروں کی شناخت کا عمل باقی ہے۔ایسٹ جاوا پولیس کے ترجمان فرانس بارونگ منگیرا نے بتایا کہ حملہ آوروں کے ساتھ ایک 8 سالہ بچی بھی تھی، جو واقعے میں بچ گئی، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔