انقرہ:ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہاہے کہ ترکی کا اصل دوست برطانیہ ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے اپنے 3 روزہ دورہ برطانیہ کے آغاز پر لندن پہنچنے کے بعد کہا کہ برطانیہ ترکی کا اتحادی اورا سٹرٹیجک پارٹنر تو ہے، مگر ساتھ ہی اصل دوست بھی ہے۔ ترک رہنما کل ملکہ الزبتھ اور وزیر اعظم ٹریزا مے سے ملاقاتیں کریں گے، ترک برطانوی تعلقات سے متعلق ایک فورم سے خطاب میں ایردوآن نے کہا کہ جولائی 2016ء میں ناکام فوجی بغاوت کی مذمت سب سے پہلے برطانیہ نے کی تھی۔ ایردوآن نے کہا کہ ترکی میں ریفرنڈم کے ذریعے صدارتی نظام اور برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے فیصلے کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید گرم جوشی پیدا ہوئی ہے۔