ریاض:سعودی عرب میں روبوٹ کے مدد سے گھٹنے کا جوڑ تبدیل کرنے اور ہڈی کے کھردرے پن کے علاج کے ساتھ ہی طبّی کامیابیوں کے میدان میں ایک سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق جدہ میں کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی میں ہڈیوں اور جوڑوں کے آپریشن کے شعبے کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد الدخیل کے مطابق روبوٹ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے گھٹنے کے جوڑ کی تبدیلی کے 3 کیسز مکمل کر لیے گئے اور یہ تمام کامیاب رہے۔ انہوں نے بتایا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی پر مبنی یہ نظام سرجن کے ہاتھوں کی مہارت کے ساتھ بیک وقت کام کرتا ہے تا کہ ٹرانسپلانٹ کیے گئے گْھٹنے کو درستی کے ساتھ صحیح جگہ پر نصب کیا جا سکے۔ ڈاکٹر الدخیل کا کہنا تھا کہ روبوٹک ٹکنالوجی کا نظام جدید کمپیوٹر پروگرام کے ذریعے ڈاکٹر کی معاونت کرتا ہے، اس طرح باریک بینی کے ساتھ جائزہ لے کر حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر مریض کے گھٹنے کو اعلی ترین معیار کے مطابق ٹرانسپلانٹ کیا جاتا ہے۔