پاکستان نے تاریخی ٹیسٹ میچ میں آئرلینڈ کو 5 وکٹ سےشکست دیدی

ڈبلن: پاکستان نے تاریخی ٹیسٹ میچ میں آئرلینڈ کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔ ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کو جیت کیلیے 160 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 5 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا، امام الحق 74 اور بابراعظم نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔اظہر علی اور امام الحق اننگز کا آغاز کرنے آئے تاہم اظہر علی ایک بار پھر آؤٹ آف فارم دکھائی دیئے اور پہلے ہی اوور میں 2 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد حارث سہیل بیٹنگ کے لئے آئے لیکن وہ بھی 7 رنز پر پویلین لوٹ گئے ۔پہلی اننگزمیں شاندار کارکردگی دکھانے والے اسد شفیق بھی صرف ایک رنز بناسکے۔ پہلی اننگز میں جلدی پویلین لوٹ جانے والے امام الحق اور بابراعظم نے اس بار ڈٹ کرآئرلینڈ کے بولرز کا مقابلہ کیا اوردونوں نے تحمل مزاجی سے کھیلتے ہوئے نہ صرف اپنی نصف سنچریاں مکمل کی بلکہ پاکستان کو فتح کے قریب لائے تاہم بابراعظم آخری لمحات میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے اور 59 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان سرفرازخود بیٹنگ کے لئے آئے ۔ اس وقت ٹیم کو صرف 20 رنز درکار تھے مگر وہ بھی 8 رنز بناکر چلتے بنے۔ آخرمیں شاداب خان نے امام الحق کا ساتھ دیا اورقومی ٹیم نے5 وکٹ سے فتح حاصل کی، امام الحق 74 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔اس سے قبل آئر لینڈ کی پوری ٹیم 339 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور پاکستان کو فتح کیلئے 160 رنز کا ہدف ملا تھا۔ محمد عباس 5، محمد عامر 3 اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ لی ۔ کھیل کے آخری روزآئرلینڈ نے 7 وکٹ پر319 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو کیون اوبرائن گزشتہ روز کے اسکور 118 میں مزید کسی رن کا اضافہ کئے بغیرمحمد عباس کا شکاربن گئے، بوائڈ رینکن کو محمد عباس نے بولڈ کردیا، آخری وکٹ ٹائرون کین کی گری ۔انہوں نے96 گیندیں کھیل کر صرف 14 رنز بنائے۔واضح رہے کہ پاکستان اورآئرلینڈ کے درمیان کھیلے گئےاس تاریخی ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز 310 رنز پر ڈیکلیئر کردی تھی جس کے جواب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم 130 پر آؤٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی تھی۔