افغانستان میں طالبان کا حملہ- 2فوجیوں سمیت 12ہلاک

 

کابل:افغانستان میں ایرانی سرحد کے قریب واقع صوبہ فراہ میں افغان طالبان نے سیکورٹی فورسز پر دھاوا بول دیا، طالبان اور سیکورٹی فورسز کےدرمیان 15 گھنٹوں سےجھڑپیں جاری ہیں۔ افغان حکام کے مطابق طالبان کے حملوں میں افغان فورسز کے 2 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 10حملہ آور مارے گئے۔افغان حکام کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح طالبان نے شہر فراہ میں کئی سمتوں سے دھاوا بول دیا اورسیکورٹی چیک پوائنٹس اور انٹیلی جنس دفتر کی عمارت پر قبضہ کرلیا۔افغان حکام کے مطابق قندھار کی اسپیشل پولیس فورس اور ہرات سے آئے ہوئے کمانڈوز سیکورٹی فورسز کے ساتھ ڈسٹرکٹ ٹو اور تھری میں حملہ آوروں سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ان حملوں کے بعد شہر میں اسکول، دکانیں اور سرکاری دفاتر بند کردیئے گئے، افغان فضائیہ کے طیارے طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔واضح رہے کہ صوبہ فراہ صوبہ ہلمند کے قریب واقع ہے جہاں متعدد اضلاع پر طالبان کو کنٹرول حاصل ہے۔