کراچی: سول اسپتال کراچی میں خون کے کینسر کی تشخیص کی مشین نصب کردی گئی ۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری صحت ڈاکٹر فضل اللہ پیچوحو نے کہا کہ صوبے میں پہلی بار کسی سرکاری اسپتال میں یہ مشین نصب کی گئی ہے جس کے ذریعے خون کے 10اقسام کے کینسر کی تشخیص کی جا سکے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس مشین کے ذریعے مفت ٹیسٹ کئے جائیں گے، صوبے کے کسی اسپتال میں یہ سہولت میسر نہیں ہے۔میڈیکل سپرٹینڈٹ ڈاکٹر محمد توفیق نے اس موقع پر بتایا کہ صوبے کے سب سے بڑے اسپتال میں خون کے مریضوں کی سہولت کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشین نصب ہونے سے اسپتال میں خون کے کینسر کی تشخیص ہوسکے گی ۔ نجی سطح پر عام مریضوں کے لئے خون کے کینسر کی تشخیص مہنگا اور مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔اس موقع پر ایڈیشن سیکریٹری ی ریحان بلوچ،ایم ایس ڈاکٹر محمد توفیق سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔