آلودہ پانی پینے سے 2 افراد جاں بحق 50 کی حالت غیر

آواران: آلودہ پانی پینے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد کی حالت غیر ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہر آواران کے نواحی علاقے ٹرانچ میں گڑھے کا آلودہ پانی پینے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد کی حالت غیر ہوگئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد میں سے کئی کی حالت نازک ہے، جنہیں سول اسپتال لسبیلہ اور حب کے مختلف نجی اسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ جبکہ 4 افراد کو تشویش ناک حالت میں کراچی منتقل کردیا گیا۔ ایدھی ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات راشن اور ادویات کے ہمراہ ایک ایمرجنسی ٹیم متاثرہ علاقے کی جانب روانہ کردی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق لسبیلہ کے ڈپٹی کمشنر شبیر احمد مینگل آوران میں امدادی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بھی واقعے کا نوٹس لے کر متاثرہ افراد کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کہ ہدایت کی ہے۔