ٹرمپ کے ہوتے ہوئےیورپ کو دشمن کی ضرورت نہیں -صدر یورپی یونین

 

صوفیہ :یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے امریکی صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ہوتے ہوئے ہمیں دشمنوں کی ضرورت نہیں ہے۔ڈونلڈ ٹسک نے بلغاریہ میں ایک اجلاس کے دوران امریکا کا موازنہ روس اور چین سے کرتے ہوئے یورپی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ امریکا کی جانب ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اور یورپ کے خلاف تجارتی ٹیکس عائد کرنے کے خلاف مشترکہ محاذ بنائیں۔انھوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے حالیہ فیصلوں کو دیکھتے ہوئے کوئی یہ بھی سوچ سکتا ہے کہ ایسے دوستوں کی موجودگی میں دشمنوں کی کیا ضرورت ہے؟۔ڈونلڈ ٹسک نے مزید کہا کہ یورپ کو صدر ٹرمپ کا شکر گزار ہونا چاہیے کہ ان کی وجہ سے ہمارے تمام خدشات دور ہو گئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر نے ہمیں باور کروا دیا ہے کہ اگر آپ کو مدد کی ضرورت ہے تو اپنی مدد آپ کرنا پڑے گی۔اجلاس کے بعد یورپی یونین کے ایک عہدے دار نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتایا کہ ایران ایٹمی معاہدے کے بارے میں یورپی رہنماؤں نے متحدہ حکمت عملی پر اتفاق کیا ہے۔