ولی عہد محمد بن سلمان کی فائل فوٹو
ولی عہد محمد بن سلمان کی فائل فوٹو

سعودی ولی عہد سے متعلق غیر ملکی میڈیا کی قیاس آرائیاں

 

اسلام آباد:سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان گزشتہ کچھ عرصے سے منظر عام سے غائب ہیں جس کے بعد غیر ملکی میڈیا نے ان کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع کردیں۔روسی نشریاتی ادارے نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کچھ عرصے سے منظر عام سے غائب ہیں اور خدشہ ہے کہ گزشتہ ماہ سعودی عرب کے شاہی محل میں پیش آنے والے مبینہ فائرنگ کے واقعے کے بعد ان کی صحت ٹھیک نہیں۔علاوہ ازیں ایک ایرانی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ شاہی محل پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں محمد بن سلمان مبینہ طور پر زخمی ہوئے، جس کے بعد وہ کسی عوامی مقام پر نظر نہیں آئے۔ایک دوسرے ایرانی نشریاتی ادارے نے کہا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد سے سعودی حکام کی جانب سے محمد بن سلمان کی کوئی تصویر یا ویڈیو جاری نہیں کی گئی اور جب اپریل کے آخر میں امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو اپنے پہلے دورے پر ریاض پہنچے تھے تو اس موقع پر بھی محمد بن سلمان کہیں دکھائی نہیں دیے۔ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس نے لکھا ہے کہ محمد بن سلمان ایسے شخص ہیں جو اکثر میڈیا کے سامنے آتے رہتے ہیں لیکن ریاض میں فائرنگ کے واقعے کے بعد سے 27 روز تک ان کا میڈیا کے سامنے نہ آنا ان کی صحت کے حوالے سے سوالات کو جنم دے رہا ہے۔