لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے آل راؤنڈر محمد حفیظ کو شو کاز نوٹس بھیج دیاہے، پی سی بی نے نوٹس بھیجنے کا فیصلہ محمد حفیظ کی جانب سے آئی سی سی کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے پرکیا تھا۔پی سی بی کا کہنا ہےکہ محمد حفیظ نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی، ان سے 7 روز میں جواب طلب کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ آل راؤنڈر محمد حفیظ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کو تنقید کا نشانہ بنا یا تھا ۔آل راؤنڈر نے سوال اٹھایا تھا کہ ایک انسانی آنکھ کیسے یہ دیکھ سکتی ہے کہ ان کی بولنگ 15 ڈگری کی مقررہ حد سے صرف ایک ڈگری زیادہ پر ہوئی ہے اور امپائرز اور میچ ریفریز کو ان کی 16 ڈگری پر بولنگ کرنا تو نظر آگیا لیکن دوسری جانب بہت سے ایسے بولرز بھی ہیں جو 30،25 اور اس سے بھی زیادہ ڈگری پر بولنگ کر رہے ہیں لیکن وہ رپورٹ نہیں ہوئے۔