لاہور:قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ ہم نے ڈبل شاہ کو سنگل شاہ بنادیا، نیب احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر کارفرما ہے، ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے،قوم کی دولت خرچ کرنے کا پوچھ لیا جائے تو یہ زیادتی نہیں ہے۔ تقریب سے خطاب میں چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب کسی انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا، جمہوریت کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت ہے، وہ ملک ترقی نہیں کرسکتے جو جمہوریت کے لبادے میں کرپشن کوفروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ نیب اب کرپشن کوفروغ نہیں دینے دے گا، یہ آخری فیصلہ ہے، بدعنوان عناصر کیخلاف عدم برداشت اور احتساب سب کیلئے کی پالیسی پرسختی سے عمل جاری ہے۔چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب حکومتی اور ریاستی ادارہ ہے، یہ باہر سے نہیں آیا، اسے اختیارات مقننہ نے دیے ہیں، نیب کا اصول یہی ہے کہ ہر چیز قانون کے مطابق ہو۔جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کے ذہن میں کسی قسم کا کوئی تعصب نہیں، جب عوام کی خدمت نہیں ہو گی تو جمہوریت کی بقا بھی خطر ے میں ہوجاتی ہے۔چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ قوم کی دولت خرچ کرنے کا پوچھ لیا جائے تو یہ زیادتی نہیں، شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائری اور تحقیقات شروع کرنے اور بند کرنے کا فیصلہ ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پریس ریلیز کے ذریعے کیا جاتا ہے۔