ریاست کیخلاف سازش کا الزام،سعودی عرب میں 7 افراد زیرحراست

ریاض: سعودی عرب میں ریاست کے خلاف سازش کرنے اور بیرون ملک روابط رکھنے پر سات افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق سات افراد کو بیرون ملک دشمنوں کومالی معاونت فراہم کرنے اورغیرملکی اداروں سے مشتبہ رابطے رکھنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ ان افراد نے حساس اداروں کے ملازمین کو بھی ساتھ ملانے کی کوشش کی تھی ۔ سعودی گزٹ کے مطابق گرفتار افراد میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ حراست میں لئے گئے افراد میں ابراہیم عبدالرحمان، محمد فہد الریبا، عبدالعزیز محمد المیشل، لوجیئن ہڈلوئل، عزیزہ محمد ال یوسف اورایمان فہد النفجان شامل ہیں جبکہ ساتویں ملزم کی شناخت کو خفیہ رکھا گیا ہے۔ سات افراد پرمشتمل گروپ پر سعودی عرب کے حساس اداروں کے افسران اورملازمین سے روابط قائم کرنے اور ملک دشمن عناصر کو مالی امداد فراہم کرنے کے الزامات بھی ہیں۔ تحقیقاتی ادارے گرفتار ملازمین کے حساس ادروں کے ملازمین تک رسائی کے معاملے کی بھی چھان بین کررہے ہیں۔ ان ملزمان پربغاوت کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام بھی ہے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق حراست میں لئے گئے ملزمان میں سے ایک کی شناخت کو تفتیش کو محفوظ بنانے کے لیے خفیہ رکھا جا رہا ہے تاکہ گروہ کے دیگراراکین تک پہنچا جا سکے۔ یہ نہایت حساس معاملہ ہے جس کی شفاف تفتیش نہایت ضروری ہے جس کے لئے ملزمان کے خلاف تمام قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے۔