امریکی ماڈل اسٹیفنی ایڈم کی 7 سالہ بیٹے کے ہمراہ خودکشی

نیویارک سٹی: امریکی ماڈل اسٹیفنی ایڈم نے اپنے 7 سالہ بیٹے کے ہمراہ نیویارک کے ہوٹل گوتھم کی 25 ویں منزل پر کمرے سے چھلانگ لگا کر خود کشی کرلی۔ مغربی میدیا کے مطابق دونوں ماں بیٹے موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جن کی نشاندہی ایک سیاح نے کی جو ہوٹل میں قیام میں پذیرتھا۔ امریکی میگزین پلے بوائے سے 1992ء میں شہرت حاصل کرنے والی 47 سالہ ماڈل نیویارک میں واقع گوتھم ہوٹل میں اپنے سات سالہ بیٹے کے ہمراہ تھیں جہاں انہیں 25 ویں منزل پرکمرہ دے دیا گیا تھا تاہم آج صبح دونوں دوسری منزل کی عقبی بالکونی میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ ماڈل کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ ان کا اپنے سابق شوہر سے بیٹے کی حوالگی کے حوالے سے تنازعہ چل رہا تھا۔ گزشتہ روزعدالت نے انہیں بیٹے کے ہمراہ موسم گرما کی تعطیلات گزارنے کے لئے بیرون ملک سفر کرنے سے منع کردیا تھا جس پر وہ ذہنی طور پر کافی پریشان تھیں۔