قاہرہ:مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے خبردار کیا ہے کہ امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے یروشلم ( مقبوضہ بیت المقدس) منتقلی سے عدم استحکام کی راہ ہموا ر ہوگی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصری صدر نے امریکی سفارت خانے کی منتقلی کے ردعمل میں یہ پہلا بیان جاری کیا ہے۔انھوں نے کہاکہ امریکی سفارت خانے کی منتقلی کے معاملے پر ہم یہ کہہ چکے ہیں کہ اس سے عرب اور اسلامی رائے عامہ پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔اس سے بے چینی اور عدم استحکام پیدا ہوگا اور اس کے فلسطینی کاز کے لیے بھی منفی مضمرات ہوں گے۔انھوں نے تمام تنازعات کے پْرامن سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا اور مصریوں سے کہا کہ وہ ملک میں اتحاد اور استحکام کے لیے کوششوں کی حمایت کریں۔