چنائے:بھارتی ریاست تامل ناڈو میں غیرملکی فیکٹری کی توسیع کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر پولیس کی اندھا دھند فائرنگ سے 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ نے واقعے کی تحقیقات کیلئے ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں ایک رکنی کمیشن بنادیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق تامل ناڈو کے جنوبی ضلع میں تانبہ پگھلانے والی برطانوی فیکٹری کی توسیع کے خلاف کئی روزسے مقامی لوگ سراپا احتجاج تھے ۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے فائرنگ کردی جس سے 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق پولیس نے لاٹھی چارج کے بعد مظاہرین پر براہ راست گولیاں چلائیں۔ گولیاں لگانے سے 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مظاہریں کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں تانبہ پگھلانے کا کام ہوتا ہے جس سے علاقے میں آلودگی پھیل رہی تھی جس سے لوگ بیمارہورہے تھے ۔ ریاستی وزیراعلیٰ نے مرنے والوں کے لواحقین کیلئے 10 ، 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔