گوئٹے مالا میں سابق آرمی چیف سمیت تین افسران کو زیادتی اوراغوا کے الزام میں 58 سال قید کی سزا سنا دی گئی ۔ گوئٹے مالا میں 1981 میں خانہ جنگی کے دوران اجتماعی زیادتی ، تشدد اوراغوا کے الزام میں سابق آرمی چیف بینی ڈکٹولوکاس اوردیگر سابق 2 افسروں کو58 برس قید کا حکم سنایا دیا گیا جبکہ ایک سابق فوجی افسرکو 33 برس قید ہوئی۔
ان افسران کو جنوری 2016 میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ سابق آرمی چیف لوکاس فوجی اسپتال میں داخل ہیں اورعدالت کا فیصلہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سنا۔ بینی ڈکٹولوکاس پر1981 کی خانہ جنگی کے دوران خاتون سے اجتماعی زیادتی اوراسکے گیارہ سالہ بھائی کو اغوا کرنے کا الزام تھا جو تاحال لاپتہ ہے ۔
عدالت میں فیصلہ سامنے آنے کے بعد متاثرہ خاتون آبدیدہ ہوگئیں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی ۔ اعداد وشمار کے مطابق گوئٹے مالا میں طویل عرصے جاری رہنے والی خانہ جنگی میں دولاکھ کے قریب افراد ہلاک یا لاپتہ ہوگئےتھے ۔