پیانگ یانگ : شمالی اور جنوبی کوریا کے سربراہان نے دونوں ممالک کی سرحد کے درمیان واقع غیرفوجی علاقے میں ملاقات کی ہے۔ گذشتہ چند ماہ میں یہ مون جائے اِن اور کم جونگ اِن کے درمیان دوسری ملاقات ہے۔
جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے شمالی کوریا اور امریکا کے درمیان اجلاس کو کامیاب بنانے کے بارے میں بات چیت کی۔
صد مون جائے کے دفتر کا کہنا ہے کہ صدرخود اتوار کو اس ملاقات کے نتائج کے بارے میں آگاہ کریں گے۔
برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خیال کیا جا رہا ہے کہ اس ملاقات کا مقصد امریکا اورشمالی کوریا کے درمیان اعلیٰ سطح اجلاس کو دوبارہ ممکن بنانا ہے۔
یاد رہے کہامریکی صدر نے بارہ جون کو ہونے والی مجوزہ ملاقات کو یہ کہہ کر منسوخ کردیا تھا کہ شمالی کوریا کا رویہ انتہائی جارحانہ ہے لیکن صدر ٹرمپ نے چوبیس گھنٹوں کے اندرہی یہ عندیہ دیا کہ ان کی شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ ملاقات کا اب بھی امکان موجود ہے۔
امریکی صدر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہم دیکھیں گے کہ کیا ہو گا۔ ہم ان سے بات کررہے ہیں اور وہ زیادہ چاہتے ہیں کہ ایسا ہواور ہم بھی ایسا کرنا چاہتے ہیں۔