کوئٹہ: کوئٹہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو ٹریفک اہلکار شہید جبکہ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دونوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا، فائرنگ سے چار راہ گیر بھی زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سرکی روڈ کے قریب ٹریفک پولیس اہلکار عبدالرشید اور بشیر شاہ اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار حملہ آوروں نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس سے دونوں پولیس اہلکار موقع پر شہید ہو گئے۔ حملہ آوروں کی فائرنگ سے چار شہری زخمی بھی ہوئے۔واقعہ کے فوری بعد فالکن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے نتیجے میں دو حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔ واقعہ کے فوری بعد پولیس، اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی اور ایمبیولینسوں کے ذریعے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔