راولپنڈی: متنازعہ کتاب لکھنے والے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی جی ایچ کیوپہنچ گئے ہیں جہاں ان سے کتاب میں منسوب خیالات کی وضاحت مانگی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی جی ایچ کیو پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اپنی کتاب ’’دا اسپائی کرونیکلز‘‘ میں درج مندرجات پر وضاحت دیں گے۔
مذکورہ کتاب بھارت میں شائع ہوئی تھی جس میں ان سے منسوب اقتصابات ہیں جب کہ پاک فوج کی جانب سے انہیں کتاب میں متنازعہ مواد پر وضاحت کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 25 مئی کو ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) اسد درانی کو 28 مئی کو جی ایچ کیو طلب کیا جارہا ہے، جہاں وہ بتائیں گے کہ ان کی کتاب میں ان سے منسوب باتیں درست ہیں یا نہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ ملٹری کوڈ آف کنڈکٹ تمام حاضر اور ریٹائرڈ فوجیوں پر لاگو ہوتا ہے اور کتاب میں اسد درانی سے منسوب خیالات اس کی خلاف ورزی ہے۔