لندن: پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان لارڈزمیں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے ۔ لارڈز ٹیسٹ میں 8 وکٹیں لینے والے محمد عباس کی بولنگ رینکنگ میں 9 درجے بہتری آئی ہے اور وہ 29 سے 20 ویں نمبر پرآگئے ہیں۔اسی طرح 5 وکٹیں لینے والے محمد عامر 5 درجے بہتری کے ساتھ 32 ویں اور4 وکٹیں لینے والے حسن علی 26 درجے ترقی کرکے61 ویں پوزیشن پرآگئے ہیں۔
آئی سی سی کی جاری کردہ ٹیسٹ باولنگ رینکنگ کی فہرست میں انگلینڈ کے جیمس اینڈرسن پہلے نمبر پر ہیں۔بلے بازوں کی درجہ بندی میں پاکستان کے اسد شفیق، حارث سہیل اور بابراعظم کی رینکنگ میں بھی بہتری ہوئی ہے لیکن تینوں بیٹسمین بدستور50 ویں پوزیشن سے بھی نیچے ہیں۔انگلینڈ کی جانب سے 70رنز کی اننگز کھیلنے والے السٹرکک کی رینکنگ میں ایک درجے بہتری آئی ہے اور وہ 16ویں سے 15ویں پوزیشن پرآگئے ہیں۔لارڈز ٹیسٹ کے بعد قومی ٹیم رینکنگ میں کوئی فرق نہیں پڑا البتہ دوسرا ٹیسٹ جیتنے پر پاکستان ساتویں سے پانچویں اورانگلینڈ پانچویں سے ساتویں پوزیشن پر چلا جائے گا۔ لیکن اگر سیریز برابر رہی تو پھر دونوں ٹیموں کی رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔