لاہور: شادباغ میں ڈولفن فورس اور مشکوک افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہگیر بچہ جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیوٹی پر مامور ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے شادباغ کے علاقے میں مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو مشکوک افراد نے گاڑی بھگادی اس پر ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے ڈاکوؤں کا تعاقب کرتے ہوئے گاڑی پر فائرنگ کی جس کی زد میں آکر ایک 14 سالہ راہگیر بچہ جاں بحق جبکہ ایک نوجوان زخمی ہو گیا ۔
جاں بحق بچے کے لواحقین اوراہل علاقہ جمع ہو گئے اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے لاش سڑک پر رکھ کر روڈ بلاک کردی اور ڈولفن فورس کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا جبکہ ڈولفن فورس کے اہلکاروں کا کہناہے کہ راہگیر ہماری نہیں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے واقعے میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایس پی ڈولفن فورس ندیم کھوکھر کا کہنا ہے کہ گرفتارملزمان دیگر شہروں میں بھی جرائم میں ملوث ہیں اورکرایے کی گاڑی لے کر واردات کے لئے لاہور آئے تھے۔ ایس پی کے مطابق پولیس کے روکنے پر ملزمان نے فائرنگ کی ۔ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔