انڈیا کی شمالی ریاستوں میں گرج چمک کے ساتھ آنے والے طوفان اور آسمانی بجلی گرنےتباہی مچادی،شمالی ریاستوں میں آسمانی بجلی گرنے سے کم سے کم 47 افراد ہلاک ہوئے ہیں یہ ہلاکتیں اترپردیش، بہار اور جھارکھنڈ کے مختلف علاقوں میں ہوئی ہیں۔
بھارتی ریاست بہار سب سے زیادہ متاثر ہوئی جہاں 19 افراد ہلاک ہوئےجن میں 11 افراد کی ہلاکت آسمانی بجلی گرنے سے ہوئی ۔ریاست جھارکھنڈ میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے 13 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوئے ہیں۔طوفان کے دوران ریاست اترپردیش میںتیز ہواؤں اور آسمانی بجلی گرنے سے 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ دس افراد زخمی ہیں،ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد میں سے زیادہ تر کھلے آسمان تلے سو رہے تھے کہ آسمانی بجلی ان پر گری۔
قصبہ اناؤ میں آسمانی بجلی گرنے سے کم سے کم پانچ افراد ہلاک اور چار زخمی ہوئے۔جبکہ آسمانی بجلی گرنے سے کان پور اور رائے بریلی میں بھی دو، دو افراد ہلاک ہوئے۔
پرنسل سیکریٹری انفارمیشن کا مزید کہنا تھا کہ ریاست میں امدادی آپریش شروع کر دیا گیا ہے جبکہ ضلعی مجسٹریٹوں کو کہا گیا ہے کہ وہ اگلے 24 گھنٹوں تک متاثرہ افراد کو امداد پہنچائیں۔
اترپردیش کے محکمۂ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں میں ریاست کے مرکزی اور شمالی علاقوں میں خراب موسم کی پیش گوئی کی ہے۔
واضح رہے کہ یہ انڈیا میں رواں ماہ میں طوفانی ہواؤں اور آسمانی بجلی سے ہلاکتوں کا تیسرا بڑا واقعہ ہے۔اس سے قبل مئی کے وسط میں چار ریاستوں میں آنے والے طوفانِ بادوباراں سے 61 افراد ہلاک اور بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا تھا جبکہ مئی کے آغاز میں اترپردیش اور راجستھان میں آندھی اور طوفان سے 125 افراد مارے گئے تھے۔