پشاور :پشاور میں منگل کی سہ پہر سکھ برادری سے تعلق رکھنے والےتاجر کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کےقتل کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق سردار چرن جیت سنگھ کو اس وقت نامعلوم مسلح افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا جب وہ کوہاٹ روڈ پر واقع سکیم چوک میں اپنی دکان میں موجود تھے۔ موٹرسائیکل سوار حملہ آور واردات کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔
سکھ برادری کے ایک رہنما رادیش سنگھ ٹونی نےسردار چرن جیت سنگھ کے قتل کو افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عجیب بات ہے کہ جمہوری حکومت کے ختم ہونے کے دوسرے دن یہ واقعہ ہو رہا ہے۔
ایک اور سکھ رہنما سردار جتندر سنگھ نے بتایاکہ پوسٹ مارٹم کی تکمیل کے بعد آخری رسومات اور آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا۔
سردار چرن جیت سنگھ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کاوشوں میں سرفہرست تھے۔ انہوں نے پچھلے کئی برسوں سے مذہبی رواداری اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جاری کوششوں میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
سردار چرن جیت سنگھ کے آبا و اجداد کا تعلق قبائلی علاقے تیراہ سے تھا مگر لگ بھگ دو دھائی سال قبل وہ اپنے قریبی رشتہ داروں اور سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے درجنوں خاندانوں کے ہمراہ پشاور منتقل ہوئے ہیں۔