مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے حماس کے کئی ٹھکانوں پر بمباری کی گئی۔ ذرائع کے مطابق حملے میں غزہ کو مصر سے ملانے والی سرنگ کو بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں کے مطابق غزہ سے اسرائیل پر درجنوں مارٹرز گولے اور راکٹ فائر کئے گئے جس کے نتیجے میں تین اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے تھے۔
اس حملے کی جوابی کارروائی میں اسرائیل نے جنگی طیاروں کی مدد سے حماس کے کئی ٹھکانوں پر بمباری کی۔
اسرائیلی جنگی طیاروں نے حماس اور اسلامک جہاد کے 35 سے زائد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا تاہم حملے میں جانی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔
حماس اور اسلامک جہاد کا مشترکہ بیان میں کہنا تھا کہ قابض اسرائیلی فوج کے ٹھکانوں پر درجنوں راکٹ حملے کرنے کا مقصد یہ اعلان کرنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے کئے جانے والے جرائم کو مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اسرائیل کی جانب سے کارروائی کے دوران اسلامک جہاد کے متعدد افراد مارے گئے تھے۔