نیویارک:جنگ زدہ ملک افغانستان میں خشک سالی کے سبب فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اسی تناظر میں اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ کئی ملین افغان بھوک کے خطرے سے دو چار ہو سکتے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی معاملات اوسی ایچ اے نے بتایا کہ افغانستان کے کْل 34 صوبوں میں سے دو تہائی علاقہ گزشتہ برس کے آخر سے بارشوں کی شدید کمی سے متاثر ہے۔ خوراک و زراعت کے محکمے کے مطابق بعض دریا اور پانی کے ذخائر مکمل طور پر خشک ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ نے ان حالات سے متاثرہ افغان خاندانوں کو اشیائے خوراک کی فراہمی کے لیے 115 ملین ڈالرز فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔