اسلام آباد:وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں” وزیراعظم ایکسپورٹ پیکیج “میں تین سال توسیع کی منظوری دے دی گئی۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں محکمہ پلانٹ پروٹیکشن میں محدود انسانی وسائل اور استعداد کار کے استحکام کے تناظر میں ایس آر او 1067 (1)/2017 پر عملدرآمد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں ڈی پی پی کی جانب سے ملک کی دیگر بندرگاہوں پر ہینڈلنگ کے کام کی نگرانی کیلئے ضروری ٹیکنیکل استعداد کار کے ساتھ مطلوبہ انسانی وسائل میں اضافہ تک صرف کراچی بندرگاہ، زمینی سرحد پوسٹ ایٹ سوسٹ، چمن، طورخم، تفتان، واہگہ، پشاور اور کوئٹہ سے ایس آر او 1067 (1)/2017 کے تحت لسٹڈ مختلف اشیاخوردونوش کی درآمد کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے وزیراعظم ایکسپورٹ پیکیج کے اثرات پر غور کیا گیا اور کہا گیا کہ مراعاتی پیکیج سے مالی سال 2018میں برآمدات میں نمایاں طور پر اضافہ ہوا ہے جو کہ مسلسل مالی سال 2014سے کمی کا شکار تھیں۔