انڈونیشیا میں قید پاکستانی ذوالفقار علی انتقال کر گئے

جکارتہ: انڈونیشیا میں قید اور کینسر کے مریض پاکستانی ذوالفقار علی انتقال کر گئے۔
ذوالفقار علی کو حالت بگڑنے پر آئی سی یو میں منتقل کیا گیا تاہم وہ انتقال کر گئے۔
انسانی حقوق کی غیر سرکاری تنظیم جسٹس پروجیکٹ پاکستان کے مطابق ذوالفقار علی کا انتقال ہو گیا ہے۔
جے پی پی نے اپنے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں ذوالفقار علی کی حالت سے آگاہ کرتے ہوئے اپیل کی تھی کہ اس پیغام کو اتنا پھیلایا جائے کہ یہ انڈونیشین صدر جوکووو تک پہنچ جائے اور اس کی پھانسی کی سزا ٹل جائے لیکن وہ اس سے قبل ہی انتقال کر گئے۔
واضح رہے کہ جنوری 2018 میں پاکستان نے انڈونیشیا سے ذوالفقار علی کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر معاف کرنے کی اپیل کی تھی۔
ایوان صدر میں پاکستان کے دورے پر آئے انڈونیشین صدر جوکو وڈوڈو سے ملاقات کے دوران صدر ممنون حسین نے اپنے انڈونیشین ہم منصب سے پاکستانی شہری ذوالفقار علی کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر معاف کرنے کی اپیل کی تھی، جس پر انڈونیشین صدر جوکو وڈوڈو نے کہا تھا کہ ذوالفقار علی کا معاملہ قانونی ہے لیکن پاکستان کی درخواست پر ہمدردی سے غور کیا جائے گا۔