لارڈز:ورلڈ الیون اور ویسٹ انڈیز کے درمیان چیئرٹی میچ ویسٹ انڈیز نے 72 رنز سےجیت لیا۔ارما اور ماریہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے لارڈز کے تاریخی میدان پر منعقد ہونے والے میچ میں ورلڈ الیون کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ویسٹ انڈیز کے اوپنرز ایون لوئس اور کرس گیل نے اپنی ٹیم کا انتہائی جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ دونوں کے درمیان 75 رنز کی برق رفتار شراکت قائم ہوئی۔ لوئس 26 گیندوں پر 58 رنز بناکر راشد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔جس کے بعد کرس گیل شعیب ملک کی گیند پر 18 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔مارلن سیموئلز 43، دنیش رامدین 22 اور آندرے رسل 21 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ اس طرح دفاعی چیمپئنز نے ورلڈ الیون کو 200 رنز کا ہدف دے دیا۔
ورلڈ الیون کی جانب سے راشد خان نے 2جبکہ شعیب ملک اور شاہد آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں ورلڈ الیون کا آغاز تباہ کن رہا اور محض 8 رنز پر اسکی 4 وکٹیں گرگئیں۔ تمیم اقبال 2، لیوک رانچی صفر، سیم بلنگز 4 اور دنیش کارتھک صرف پر آؤٹ ہوگئے۔شعیب ملک نے 12 رنز بنائے جبکہ کپتان شاہد آفریدی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ تھیسارا پریرا نے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ بھی 37 گیندوں پر 61 رنز بناکر کیسرک ولیمز کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔پوری ٹیم 127 پر آل آؤٹ ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ولیمز نے 3، بدری اور رسل نے 2، 2 جبکہ پال اور براتھویٹ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔میچ سے قبل ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں نے پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔