اسلام آباد:وفاقی حکومت اور قومی اسمبلی کی آئینی مدت ختم ہونے کے ساتھ ہی مسلم لیگ ن کی حکومت اپنی 5 سالہ مدت پوری کرکے اختتام پذیر ہو گئی ہے،ملکی تاریخ میں یہ دوسری منتخب جمہوری حکومت ہے جس نے اپنی آئینی مدت پوری کی ہے،اس سے قبل پیپلز پارٹی کی حکومت نے 2013 میں اپنی 5 سال کی آئینی مدت پوری کی تھی ،قومی اسمبلی تحلیل ہوتے ساتھ ہی شاہد خاقان عباسی وزارت عظمیٰ سے سبکدوش جبکہ وفاقی کابینہ بھی ختم ہو گئی ہے ،وزارت پارلیمانی امور نے 31 مئی 2018 کی رات بارہ بجے 14ویں قومی اسمبلی کے تحلیل ہونے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے ،حکومتی مدت پوری ہونے کے ساتھ ہی پنجاب اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلیاں بھی تحلیل ہو گئی ہیں جبکہ کے پی کے اور سندھ کی صوبائی اسمبلیاں اس سے قبل ہی تحلیل ہوچکی ہیں۔