کراچی: شہرقائد میں سمندری ہوائیں چلنے کے باعث شدید گرمی کی حالیہ لہرمیں نمایاں کمی آگئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی سندھ میں ہوا کے کم دباؤ کے نتیجے میں پیدا ہونے والی گرمی کی لہر میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران مزید کمی کا امکان ہے اورایک سے دو روز کے دوران شمال اورشمال مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی تھم جائے گا، جنوب مغربی سمت کی سمندری ہوائیں اپنے معمول کی رفتار سے چل پڑے گی جس کے دوران یہ توقع ہے کہ اگلے ہفتے کے دوران شہر کا درجہ حرارت معتدل اور متوازن رہ سکتا ہے ۔
گزشتہ روز شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29 جبکہ زیادہ سے زیادہ 38.4 ڈگری ریکارڈ ہوا، دوپہر کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 52 فیصد تک بڑھنے کی وجہ سے حدت محسوس کی گئی تاہم صبح کے وقت سمندری ہوائیں بحال ہونے کے بعد پارہ مزید بلند نہیں ہوا۔