لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ذوالفقار علی کھوسہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتےہوئے کہاکہ ذالفقار علی کھوسہ کو پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دیتا ہوں، انہوںنے کہاکہ سردار ذوالفقار علی کھوسہ کی مسلم لیگ میں ایک عزت تھی اور نام تھا میں سردار ذوالفقار علی کھوسہ کو خوش آمدید کہتاہوں۔کھوسہ فیملی کی پی ٹی آئی میں شمولیت سےخوشی ہوئی، اس موقع پر سردار ذوالفقار علی کھوسہ نے عمران خان کا شکریہ ادا کرتےہوئے کہاکہ عمران خان کا شکریہ ادا کرتاہوں کہ وہ اپنی سینئر قیادت کیساتھ میرے ساتھ آئے ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے ناموں سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ نام دے کر واپس لینا اہم نہیں، شفاف انتخابات کا ہونا اہم ہے، ناصرکھوسہ سےشفاف الیکشن کی امیدتھی وہ متنازع ہوگئے،جس کے بعد دیگر نام دیے گئے ہیں۔
فاروق بندیال سے متعلق بات کرتےہوئے انہوں نے کہاکہ فاروق بندیال کئی برسوں سے مسلم لیگ ن میں شامل تھے لیکن ان پر کوئی سوالات نہیں اٹھ رہے تھے لیکن جیسے ہی فاروق بندیال نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تو لوگوں نے فاروق بندیال پر سوالات اٹھانا شروع کردیے جس پر ہم نے فوری طور پر ایکشن لیا۔
سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کے حق میں آنے والے فیصلےپر بات کرتےہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہاکہ خواجہ آصف سے متعلق عدالتی فیصلہ تسلیم کرتے ہیں، سوچناچاہیئے کہ وزیرخارجہ کسی دوسرےملک کی کمپنی کا ملازم کیسےہوسکتا ہے۔