انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 174رنز پر ڈھیر

پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کےخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 174رنز پرڈھیرہوگئی ۔

میزبان انگلینڈ کی باؤلنگ لائن نے مہمان پاکستان کی لارڈز کی فتح کا نشہ ہیڈنگلے میں اتاردیا، پاکستان کی طرف سے شاداب خان کامیاب ترین بیٹسمین رہے ، انہوں نے 10 چوکوں کی مدد سے56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ وہ آؤٹ ہونے والی آخری بیٹسمین تھے۔

دورہ انگلینڈ کے پہلے ٹیسٹ کی فاتح ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا ، پہلی وکٹ امام الحق کی گری ، وہ صفر کے اسکور پر براڈ کی گیند کیچ آؤٹ ہوگئے۔

گرین کیپ 17 کے اسکور پرپہنچی تھی کہ دوسرے اوپنر اظہرعلی2 رنز بناکربراڈ کا دوسرا شکار بن گئے، یوں پاکستان کی اوپنگ جوڑی جلد ہی پویلین لوٹ گئی ۔

اس موقع پر حارث سہیل اور اسد شفیق نے بغیر وکٹ گنوائے زیادہ سے زیادہ اسکور بنانے کی کوشش کی،49 کے اسکور پر4 چوکوں کی مدد سے28 رنز بنانے والے حارث سہیل واکس اورملن گٹھ جوڑ کا شکار بن گئے ۔

62 کے اسکور پرپاکستان کواسد شفیق 27 رنز کی صورت میں چوتھا نقصان اٹھانا پڑا،اس بار واکس کو کوک کی مدد حاصل رہی ،کپتان سرفرازاحمد کو 14 کے انفرادی اسکور پر اینڈرسن نے بولڈ کیا توآدھی گرین کیپ 78 کے اسکور پر پویلین لوٹ چکی تھی ۔

پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے عثمان صلاح الدین کو 4 کے انفرادی اسکور پر براڈ نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا ، یوں 78 ہی کے اسکور پر پاکستان نے اپنی چھٹی وکٹ بھی گنوادی ۔