یوگنڈا میں سوشل میڈیا پر فضول گفتگو روکنے کیلئے ٹیکس نافذ

 

افریقی ملک یوگنڈا کی پارلیمنٹ نے فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا سائٹس پر فضول گفتگو روکنے کے لیے ٹیکس نافذ کرنے کا اعلان کر دیا۔غیر ملکی نیوزویب کی رپورٹ کے مطابق یوگنڈا کی حکومت نے فیصلہ کیا ہےکہ سوشل میڈیا یعنی فیس بک، واٹس ایپ، وائبر، ٹوئٹر اور دیگر کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کو 4 سے 5 سینٹ ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

یوگنڈا کے صدر یوویری موسوینی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا گپ شپ اور فضول افواہوں کو فروغ دیتا ہے اس کی روک تھام کے لیے ٹیکس عائد کیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی سے شروع ہوگا۔موسوینی نے کہا کہ یہ ٹیکس انٹرنیٹ ڈیٹا کی بجائے صرف سوشل میڈیا ایپس پر لاگو ہوگا کیونکہ انٹرنیٹ تعلیم و تحقیق کے شعبے میں مددگار ثابت ہے۔

علاوہ ازیں پارلیمنٹ کے نئے بل کے تحت موبائل ٹرانزکشنز پر بھی ایک فیصد ٹیکس لاگو ہوگا جس پر شہریوں نے غصے کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہے کہ اس سے غریب طبقہ متاثر ہوگا جو روزانہ موبائل بینکنگ استعمال کرتا ہے۔
یوگنڈا حکومت کی جانب سے تمام سم کارڈز کی رجسڑیشن بھی چیک کی جارہی ہے آیا کہ وہ باقاعدہ رجسٹرڈ ہیں یا نہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارےکے مطابق یوگنڈا میں 23.6 ملین افراد کے پاس موبائل فونز ہیں جن میں 17 ملین افراد انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں۔