سری نگر: قابض بھارتی فوج نے پر امن احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گاڑی تلے روند دیا۔ جس میں3افراد زخمی ہوگئےتھے جن میں سے 1 نوجوان آج شہید ہوگیا۔ جبکہ 1 کی حالت تشویش ناک ہے۔ دوسری جانب بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف آج وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔ بھارتی فورسز نے حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بند کر دیا ہے، جبکہ یاسین ملک کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔
مظلوم کشمیریوں کو تشدد اور ظلم کا نشانہ بنانے والی قابض بھارتی فوج نے گزشتہ روز سری نگر کے علاقے حیدر پورہ میں واقع جامع مسجد کے باہر پر امن احتجاج کرنے والےنہتے کشمیریوں کو اپنی گاڑی تلے روند دیا جس کے نتیجے میں 3 نوجوان زخمی ہوگئے تھے جن میں سے 1 نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج شہد ہوگیا۔ جبکہ 1کی حالت تشویش ناک ہے۔
حریت رہنما محمد یوسف نقاش، بلال صدیقی شوکت احمد بخشی اور نور محمد کلوال کے زیر قیادت میں بے گناہ کشمیریوں کی رہائی اور بھارتی فوج کے ظلم و ستم کے خاتمے کے لئے پرامن مظاہرہ کیاجارہا تھا۔
دوسری جانب حریت قیادت نےآج بھارتی مظالم کے خلاف وادی میں مکمل ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔
اس موقع پر سری نگر کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔
کشمیری میڈیا کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بند کر دیا ہے، جبکہ یاسین ملک کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
کشمیری میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ حریت رہنماؤں کو احتجاج میں شرکت سے روکنے کیلئے نظر بند کیا گیاہے۔
Tags بھارتی فوج گاڑی