ممبئی:بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے بھائی اور فلم ’’دبنگ‘‘ کے ہدایت کارارباز خان نے انڈین پریمیئر لیگ میں سٹے بازی کا اعتراف کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے گزشتہ دنوں سٹے بازسونوجالان کو گرفتار کیا تھا جس نے انڈین پریمیئر لیگ میں بالی ووڈ سمیت کئی نامورشخصیات کی جانب سے جوا کھیلنے کا انکشاف کیا تھا۔
ممبئی پولیس نے سونو جالان کے اعتراف کے بعد ارباز خان کوانڈین پریمیئر لیگ میں سٹے بازی میں ملوث ہونے پر سمن جاری کیا تھااوربیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی تھی۔
اربازخان پرآئی پی ایل میں 2 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے ہارنے کا الزام ہے جس کا اعتراف ہفتہ کو انہوں نے تفتیش کے دوران کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس کے انسداد بھتہ سیل نے ارباز خان اور سونو جالان کو آمنے سامنے بٹھا کربیان ریکارڈ کرایا جس پراداکار نے سٹے بازی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ طلاق اورخراب مالی حالات کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار تھے جس کے باعث وہ شوقیہ طورپر سٹے بازی کرتے رہے۔
اداکار نے کہا کہ ان کی شادی ختم ہونے کی ایک وجہ سٹے بازی ہی ہے جس کی وجہ سے ان کی اہلیہ سے متعدد بار لڑائی ہوئی جبکہ بڑے بھائی سلمان خان بھی اس عادت سے اس قدر ناراض تھے کہ ایک بارانہیں مارنے کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے تھے۔
ارباز خان نے بتایا کہ سٹے بازی کی وجہ سے انہیں گھر میں بھی روکا ٹوکا جاتا تھا، ان کی سابقہ اہلیہ اوروالد بھی مسلسل اس عمل سے روکتے تھے۔
بالی ووڈ اداکار نے بیان میں کہا کہ وہ 6 سال سے آئی پی ایل میں سٹے بازی کررہے ہیں اور گزشتہ سال 2 کروڑ 75 لاکھ روپے ہارنے کے بعد بھی سونو کے ذریعے پیسے جیتتے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ارباز خان اور ملائکہ اروڑہ کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔ دونوں کی شادی 18 سال تک قائم رہی تھی۔