اگلا الیکشن کرپٹ سیاستدانوں کے لیے یوم احتساب ثابت ہوگا-سراج الحق

 

کراچی:جماعت اسلامی کے امیرسینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ 70سال سے ملک پر امریکی ایجنٹ مسلط ہیں،2018کا الیکشن کرپٹ سیاستدانوں کے لیے یوم احتساب ثابت ہوگا،انتخابات کا التواکسی صورت منظور نہیں ، کرپٹ عناصر کا احتساب متحدہ مجلس عمل ہی کرے گی ،اگر ایک دن کے لیے بھی حکومت ملی تو اسلامی نظام کا نفاذ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق بنارس چوک کراچی پر منعقدہ عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کچھ لوگ الیکشن ملتوی کرانا چاہتے ہیں ہم ملتوی کرنے کے حق میں نہیں ،جنہوں نے قوم کو لوٹا ہے ہم ان کو جیل میں دیکھنا چاہتے ہیں ، کرپٹ عناصر کا احتساب اب مجلس عمل کرے گی،ہماری حکومت ایک دن بھی ہوئی تو ہم خلافت قائم کریں گے ،یہ ملک اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا ،ہم یہاں اسلام کانظام لا کر رہیں گے ،دینی جماعتوں نے اتحاد قائم کرلیا ہے،عوام اب دینی جماعتوں کا ساتھ دیں گی،عوام غلامانِ امریکہ کے بجائے غلامان مصطفیﷺ کو ووٹ دیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں قرآن کانظام ہوتا تو پاکستان بنگلہ دیش نہ بنتا ، بد امنی اور بے روزگاری نہ ہوتی ، قرآن کا نظام ہوتا تو غریبوں کے بچے فٹ پاتھ پر نہ ہوتے ، ہمارا پیغام یہی ہے کہ آئے ہمارے ساتھ مل کر عزم کریں کہ جیئں گے اور مریں گے لیکن قرآن کا نظام لائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ 70سا ل سے ملک پر انگریز کے شاگرد مسلط ہیں، امریکی ایجنٹوں نے اپنے بنگلوں ، ملز اور کارخانوں میں اضافہ کیا،ملک میں مرکزی اور صوبائی حکومتیں رخصت ہوئی ہیں مگر سوائے قرض کہ انہوں نے کچھ نہیں چھوڑا ،انہوں نے کرپشن کی داستانیں چھوڑیں قوم کو وژن نہیں دیا ،مرکزی حکومت کہتی ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا ہے جو جھوٹ ہے کیونکہ لوڈ شیڈنگ آج بھی جاری ہے ،کراچی آج بھی پانی کے لیے ترس رہا ہے ، کراچی کو کربلا میں تبدیل کردیا گیا ہے ،ان کے پاس کوئی منصوبہ نہیں یہ صرف اپنے خزانے میں اضافے کا فن چاہتے ہیں،ان حکمرانوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا ، نام نہاد جمہوری جماعت کہلوانے والوں میں کوئی جمہوریت نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ 2018الیکشن کو عوام کرپٹ سیاستدانوں کے لیے یوم حساب بنائیں گے ، ہم اللہ کو حاضر ناظر جان کر عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے کی جدوجہد کرتے رہیں گے ۔
بعد ازاں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے دہشت گردی میں ہلاک ہونے والی امریکہ میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ سبیکا شیخ کے گھر جاکر ان کے والد عزیز شیخ اور اہلخانہ سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کا اظہار کیا ۔