اسلام آباد : تحریک انصاف نے معروف قانون دان بابر اعوان کو پارٹی کا مرکزی سینیئر نائب صدر مقرر کردیا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی منظوری کے بعد بابر اعوان کو پارٹی میں اہم عہدہ سونپ دیا گیا۔ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے دستخط موجود ہیں۔
نوٹیفکیشن میں لکھا ہے کہ ڈاکٹر بابر اعوان کو پاکستان تحریک انصاف کا سینٹرل سینیئر نائب صدر مقرر کیا جاتا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بعد دوسرا اہم ترین عہدہ وائس چیئرمین کا ہے جس پر شاہ محمود قریشی براجمان ہیں۔پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری کے عہدے پر جہانگیر ترین فائز تھے تاہم نااہلی کے فیصلے کے بعد انہیں عہدے سے سبکدوش کردیا گیا تھا۔