پشاور:بھارتی اداکار شاہ رخ خان کی پاکستانی چچا زاد بہن نور جہاں خیبر پختونخوا کی خواتین کیلئے مختص سیٹوں پر صوبائی الیکشن میں حصہ لیں گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نور جہاں عوامی نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لیں گی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہ رخ خان کے والد خان عبدالغفار خان کے کٹر پیروکار تھے۔نورجہاں شاہ رخ کے سگے چچا کی بیٹی ہیں۔ نورجہاں کے والد غلام محمدگاما،شاہ رخ کے والد میر تاج محمد کے بڑے بھائی تھے۔رپورٹ کے مطابق نورجہاں تاریخی قصہ خوانی بازار کے قریب شاہ ولی قتال کے علاقے میں رہتی ہیں۔
نور جہاں اپنے کزن یعنی شاہ رخ خان سے 1997میں ملیں تھیں جب انہوں نے ممبئی کا دورہ کیا تھا۔ بولی وڈ کنگ کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ انہیں اپنے کزن پر فخر ہے۔ انہوں نےاپنے بیٹے کا نام بھی شاہ رخ کے نام پر رکھا ہے۔