فرانس کے 10گدھے تحفے میں بھیجنے پربرونڈی میں احتجاج

بوجمبورا:فرانس نے افریقی ملک برونڈی کو 10گدھے تحفے میں بھیجے جس پر برونڈی کے عوام نے شدید احتجاج شروع کر دیا ہے۔ نیوز ویک کے مطابق برونڈی کے عوام کے احتجاج کی مضحکہ خیز وجہ یہ ہے کہ ان کے خیال میں اس اقدام سے فرانس نے ان کے ملک کی توہین کی ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ گدھے فرانسیسی سفارتخانے نے تنزانیہ سے درآمد کرکے ایک غیرسرکاری تنظیم کو تحفے میں دیئے تھے جو خواتین کے حقوق کے لیے کام کرتی ہے۔ تاہم اس پر عوام ہی نہیں بلکہ برونڈی حکومت کے وزراءاور مشیر بھی سیخ پا ہو گئے ہیں۔ برونڈی کے صدر کے ایک مشیر کا کہنا ہے کہ ”فرانسیسی سفارتخانے نے گدھے تحفے میں دے کر ہماری قوم کی توہین کی ہے۔“برونڈی سینیٹ کے ترجمان گابے بوگاگا کا کہنا تھا کہ ”ہم گدھے دینے کے لیے فرانس کا شکریہ ادا نہیں کر سکتے۔ اسے چاہیے کہ ابھی ان گدھوں کو واپس لیجانے کے انتظامات کرے۔“ اس شدید ردعمل پر برونڈی میں متعین فرانسیسی سفیر کا کہنا ہے کہ ”برونڈی کی ایک این جی او پہاڑی علاقے کی خواتین کو گدھے فراہم کرنا چاہتی تھی تاکہ انہیں لکڑیاں، پانی اور دیگر اسی نوع کی اشیاءلانے میں آسانی ہوسکے۔ ہم نے صرف اس پراجیکٹ کے لیے رقم فراہم کی۔ یہ گدھے اس این جی او نے خریدے ہیں، فرانس نے یہ گدھے نہیں بھیجے۔“