بغداد: عراقی عدالت نے فرانسیسی خاتون کو شدت پسند تنظیم داعش سے تعلق کے الزام میں عمر قید کی سزا سنا دی جو عراقی قوانین کے مطابق 20 سال پر مشتمل ہے۔
تفصیلات کے مطابق فرانس سے تعلق رکھنے والی میلینا بوغیدر نامی 27 سالہ خاتون رواں سال اپنے شوہر کا پیچھا کرتے ہوئے عراق میں مبینہ غیر قانونی طریقے سے داخل ہوئی تھی۔ خاتون 4 بچوں کی ماں ہیں۔
ذرائع کے مطابق فرانسیسی خاتون کو عراقی عدالت کی جانب سے ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کے الزام میں 7 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ تاہم سزا پوری ہونے بعد خاتون کا واپس اپنے وطن بھیجا جانا تھا جس کے تمامتر انتظامات مکمل کرلئے گئے تھے۔
لیکن عراق کی ایک اور عدالت نے انسداد دہشت گردی قانون کے تحت ان کے خلاف ٹرائل کا آغاز کرتے ہوئے انہیں داعش سے تعلق کے الزام میں عمر قید کی سزا سنادی۔
میلینا بوغیدر نے عدالت کو اگاہ کیا کہ میں بے قصور ہوں۔ میرے شوہر نے مجھے دھوکا دیا اور بچوں سمیت چھوڑنے کی دھمکی دی، یہاں تک کہ میں اس کا پیچھا کرتے ہوئے عراق پہنچ گئی جہاں وہ ممکنہ طور پر داعش میں شمولیت اختیار کرنے جارہا تھا۔
فرانسیسی خاتون کے عراقی وکیل نے عدالت پر زور دیا کہ ان کی موکلہ نے اپنے شوہر کو ایک خاوند نہیں بلکہ جیلر کہا ہے جس نے اسے عراق میں آنے پر مجبور کیا۔ لہٰذا انہیں رہا کیا جائے۔
خاتون کے فرانسیسی وکلا کی ٹیم نے کہا کہ انہیں اس بات کا علم ہوا کہ میلینا بوغیدر سزائے موت سے بچ گئی ہیں، لیکن پھر بھی وہ ان کو دی جانے والی عمر قید کی سزا کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔