کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے بدھ 21 رمضان المبارک کو حضرت علیؓ کے یوم شہادت کے موقع پر کراچی اور حیدر آباد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی حیدرآباد نے دونوں شہروں میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موٹرسائیل کی ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش کی تھی۔
محکمہ داخلہ نے ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق دونوں شہروں میں پابندی صرف بدھ 6 جون 21 رمضان کو یوم علیؓ کے موقع پرعائد کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، بزرگ، خواتین، بچے اور صحافی ڈبل سواری پر پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
محکمہ داخلہ نے شہریوں سے اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کی اپیل کی ہے جب کہ ڈبل سواری پر پابندی کے احکامات کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان کی زیرصدارت امن وامان پر اجلاس ہوا جس میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے صوبے میں یوم علیؓ پر سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ جلوسوں کے راستوں پر اسکیننگ کا کام شروع کردیا ہے اور پورے جلوس کا راستہ سیل ہوگا۔
انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ جلوس کے راستوں پر803 عمارتیں ہیں جن کی پولیس اور رینجرز نگرانی کرے گی۔
نگران وزیراعلیٰ نے ملیر، صدر اور لیاری سمیت دیگر علاقوں میں جلوس کے راستوں کی صفائی کی ہدایت کی اور امام بارگاہوں کو باقاعدہ پانی بھی مہیا کرنےکا حکم دیا۔