تہران:ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران یورینیم کی افزودگی کی صلاحیت بڑھانے کے بارے میں اقوام متحدہ کے جوہری ادارے آئی اے ای اے کو مطلع کردے گا۔
ایران کی جوہری توانائی کے ادارے کا کہنا ہے کہ اس بارے میں ایک خط آئی اے ای اے کو دیا جائے گا۔ ایران کے جوہری ادارے نے اعلان کیا ہے کہ وہ افزودگی کا سب سے اہم جز یورینیم ہیگزا فلورائڈ زیادہ بنائے گا۔
ایران کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت پرسامنے آیا ہے جب امریکی صدر نے ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے مابین طے پانے والے معاہدے سے نکلنے کا اعلان کیا تھا۔
ایرانی حکام کے اس اعلان سے قبل ملک کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا تھا کہ انھوں نے متعلقہ حکام کو حکم دیا تھا کہ اگرجوہری معادہ مکمل طور پر ختم ہو گیا تو وہ افزودگی کے لیے اپنی تیاریاں تیز رکھیں۔
انھوں نے یورپی ممالک کو بھی خبردار کیا کہ ایران امریکی پابندیوں کے ساتھ اپنے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے لیے کوئی دباؤ برداشت نہیں کرے گا۔
ایران کے سپریم رہنما نے کہا تھا کہ بعض یورپین دونوں چیزوں پر بات کر رہے ہیں کہ ایران پابندیوں کو بھی برداشت کرے اوردفاعی میزائل پروگرام کو بھی محدود کرے جو ملک کے مستقبل کے لیے ضروری ہے۔ میں یورپی حکومتوں کو بتا رہا ہوں کہ یہ وہ خواب ہے جو کبھی پورا نہیں ہو گا۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے معاہدہ توڑنے کے بعد یورپی ممالک نے بہت کوشش کی کہ اس معاہدے کو بچایا جا سکے۔
امریکی حکام کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ نئے معاہدے کے لیے ایران کو 12 شرائط پوری کرنا ہوں گی۔ ان شرائط میں شام سے ایرانی فورسز کا انخلا اوریمن میں حوثی باغیوں کی حمایت ختم کرنا شامل ہے۔