پاکستان میں بھارتی فلمیں اب عید کے ایک ہفتے بعد ریلیز ہوں گی۔
سنسر بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بھارتی فلموں پر 2ہفتوں سے زائد کی پابندی عائد کی گئی تھی، بھارتی فلموں پر پابندی کا اطلاق عید سے 2 دن پہلے شروع ہوگا اور عید کے بعد 2 ہفتوں تک جاری رہے گا۔
تاہم نئے نوٹیفیکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس پابندی کا آغاز عید الفطر اور عید الضحیٰ کے روز سے ہوگا، جس کا دورانیہ صرف ایک ہفتہ رہے گا۔
بولی وڈ فلموں پر پابندی عائد کرنے کا مقصد پاکستانی فلم انڈسٹری کو سپورٹ کرنا اور پاکستانی فلمز کی زیادہ مقبولیت ہے۔
عید الفطر کے دوران پاکستانی سینما گھروں میں ’سات دن محبت ان‘، ’وجود‘، ’نہ بینڈ نہ باراتی‘ اور ’آزادی‘ جیسی مقامی فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں۔
جبکہ ایک ہفتے بعد پاکستانی فلموں کا مقابلہ سلمان خان کی فلم ’ریس 3‘ سے ہوگا، جس کے چند روز بعد رنبیر کپور کی فلم ’سنجو‘ بھی ریلیز کردی جائے گی۔