لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتےہوئے کہاکہ جنگلہ بس کو برا کہنے والوں نے خود پشاور میں جنگلہ بس کو گلے سے لگایا جو ان کیلئے گلے کا پھندا بن گیا،انہوں نے اورنج لائن ٹرین کے منصوبے میں پی ٹی آئی نے تاخیر کرائی اورآج جنگلہ بس کے نام پر پورا پشاور کھودا ہوا ہے۔
شہباز شریف نےکہاکہ ہم پر الزامات لگائے گئے کہ یہ پل اور سڑکیں بنا رہے ہیں، ہم الزامات کا سامنا کرتے رہے لیکن بس کام کیا 5سال ہونے پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا۔ ہم نے پنجاب میں قومی خزانے میں 680 ارب روپے کی بچت کی، وفاقی سطح پر تین شاندار کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
بہاولپور میں دل کے امراض اور کڈنی سنٹر کا اتنا شاندار اسپتال بنایا ہے کہ عوام یورپ کو بھول جائیں گے، پی کے ایل آئی میں جگر کی ٹرانسپلانٹ کے ذریعے ہندوستان کو شکست دیں گے،دیامربھاشاڈیم کی زمین سوارب روپے میں خرید لی ہے، اگلی حکومت آئی تو ڈیم بھی بنادیں گے، مظفرگڑھ کا طیب اردگان اسپتال یورپ کے کسی بھی اسپتال سے بہتر ہے۔
انہوںنے کہاکہ خیبرپختون خوا پن بجلی سے مالا مال ہے لیکن عمران خان نے 5 سال میں ’منفی‘ 6 میگاواٹ بجلی فراہم کی، انہوں نے 11 نکات میں سے کتنے نکات پر خیبرپختون خوا میں عملدرآمد کیا۔
ہم نے پنجاب میں 200 نئے کالج اور 19 یونیورسٹیاں بنائیں، پبلک ٹرانسپورٹ پروگرام کو بدل کر رکھ دیا، تمام اسپتالوں میں اصلاحات کیں، اگلی حکومت میں ڈیمز بنائیں گے اور بھارت سے مقدمہ لڑیں گے۔