کراچی: انسانی حقوق کے سرگرم کارکن جبران ناصر کراچی سے آزاد امید وارکے طورپرانتخابات میں حصہ لیں گے ۔
جبران ناصر نے کہا ہے کہ وہ قومی اسمبلی کے حلقہ 247 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ 111 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے لیکن وہ دونوں میں سے کسی ایک نشست پر انتخاب لڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری مہم مرکزی سیاسی جماعتوں سے مختلف ہوگی، ہم الیکشن میں اس روایتی مہم کے خلاف حصہ لیں گے کیونکہ انتخابات کے دوران ہر کوئی عوامی مسائل پر بات کرتا ہے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد کوئی ان مسائل کو حل نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں اسی نشست سے حصہ لینے کے بعد سے بہت کچھ تبدیل ہوگیا ہے اور گزشتہ 5 برسوں میں انہوں نے خود سے اوراس نظام سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
انہوں نے کہا سیاست میں آنے کا مقصد یہ بتانا ہے کہ ہماری نوجوان نسل کمزور نہیں ۔ وہ ان لوگوں کے خلاف متبادل قیادت فراہم کرسکتی ہے جنہوں نے ان سے ووٹ لئے لیکن کیا کچھ نہیں۔ جبران ناصر نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ عوام اس وقت سیاسی طورپرتیارہیں اور وہ پہلے کے مقابلے میں اب سیاست سے زیادہ واقف ہیں۔
پہلے کراچی میں سیاسی جماعتیں متحدہ قومی موومنٹ کو باہر کرنے کے لئے ایک نکاتی ایجنڈے پرانتخابات میں حصہ لیتی تھیں لیکن اب شہرمیں امن قائم ہوچکا ہے اوریہ توجہ اب پانی، صحت کی سہولیات اور دیگر مسائل کی طرف جانے کا امکان ہے۔